جدہ:ٹرمپ کی حکومت جانے کے بعد اور جوبائیڈن کے آنے کے بعد سے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں سرد مہری دیکھنے میں آتی رہی ہے لیکن آج امریکہ نے سعودی عرب اپنا میزائل دفاعی نظام ہٹا کر محمد بن سلمان کو ایک بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے ۔
عرب نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ نے سعودی عرب سے اپنا دفاعی میزائل سسٹم ہٹا لیا ہے ،یہ وہ ہی میزائل سسٹم ہے جو حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے میزائلز کو ٹارگٹ پر پہنچنے سے پہلے ہی کائونٹر کرتا تھا لیکن اب بائیڈن نے سعودی عرب میں تعینات اپنا انتہائی جدید میزائل دفاعی نظام اور پیٹریاٹ بیٹریاں واپس بلوا لی ہیں۔
ریاض سے جنوب مشرق میں ستر میل دور واقع پرنس سلطان ایئر بیس میں دو ہزار انیس سے ہزاروں امریکی فوجی تعینات ہیں۔ اسی فوجی اڈے پر یہ نظام نصب تھا۔
امریکا نے یہ قدم ایک ایسے وقت پر اٹھایا ہے، جب سعودی عرب کو یمن میں فعال حوثی باغیوں کی طرف سے راکٹ حملوں کا خطرہ بدستور لاحق ہے۔
اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی عسکری حکمت عملی میں تبدیلی کا پیش خیمہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔