سانحہ سیالکوٹ مقتول منیجر کی میت کولمبو پہنچادی گئی

سیالکوٹ میں پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں قتل کیے گئے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت کولمبو پہنچادی گئی۔

پریانتھا کمارا کی میت کو گزشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا تھا، جہاں سے پیرکو سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل 186 کے ذریعے اسے کولمبو روانہ کیا گیا۔

میت کی منتقلی کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصباح اسپتال پہنچے تھے۔میت کو ایمبولینس میں علامہ اقبال ایئرپورٹ لایا گیا جہاں پنجاب کے وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے اسے وصول کیا اور مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکن ایئرلائنز کے ذریعے روانہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر اشرفی، سری لنکا کے اعزازی کونسل جنرل یسین جوئیہ، محکمہ داخلہ پنجاب اور سری لنکن ہائی کمیشن کے نمائندے موجود تھے۔

پریانتھا کمارا سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور منیجر کام کرتے تھے جہاں 3 روز قبل سیکڑوں افراد نے انہیں توہینِ مذہب کے الزام میں تشدد کر کے قتل کرکے لاش جلا دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں