پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہاہے کہ بطوربرٹش پاکستانی اور سابق کرکٹر3 سال قبل پاکستان آنے کا فیصلہ کیا،میرا مقصد 22کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئے کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وسیم خان نے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد 22کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئے کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا لیکن بد قسمتی سے پاکستان کرکٹ کے ساتھ میرا سفر ختم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی،کرائسز سے نمٹنےکیلئےراتوں کو جاگ کر کام کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایماندارانہ طور پر فیصلے کرنے کی کوشش کی۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میری روح میں گھل مل گئی ہے اور پاکستانی فینز کی محبت اور سپورٹ کے علاوہ میں کچھ مس نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے میں نے پاکستانی عوام کی خدمت کی ، پاکستان لوگوں سے پیار کرنے والا ملک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چند ہفتوں بعد میں لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوجاؤں گا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وسیم خان نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو استعفیٰ پیش کیا تھا اور پی سی بی کی جانب سے استعفیٰ قبول کیا گیا تھا.