سابق افغان صدر اشرف غنی نے متحدہ عرب امارات میں پناہ لے لی

افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی متحدہ عرب امارات  پہنچ گئے ، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اشرف غنی اور اہل خانہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی ہے۔

طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد وہ رو پوش ہوگئے تھے۔ اب اطلاع آئی ہے کہ وہ یو اے ای میں ہیں اور اس بات کی تصدیق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی کر دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اشرف غنی اور ان کے خاندان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک میں خوش آمدید کہا۔

قبل ازیں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ازبکستان میں ہیں تاہم ازبک وزارت خارجہ نے اس کی تردید کی۔

رشید دوستم کی بیٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ اشرف غنی کا طیارہ تاجکستان کی جانب گیا ہے۔ لیکن تاجک حکومت نے بھی تردید کی تھی۔

بعدازاں اشرف غنی کی عمان جانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی مگر عمان نے بھی ان کے آنے کی تردید کی۔

کابل سے فرار ہونے کے بعد سابق صدر نے فیس بک پر بیان دیا تھا کہ انہوں نے خون خرابہ روکنے کے لیے ملک چھوڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں