ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔جبکہ سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 25 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 164 روپے 18 پیسے سے بڑھ کر 164 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کافی دنوں کے بعد زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس میں 512.39 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی اورانڈیکس 48 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد 48112.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.08 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 14 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 528 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔