اسلام آباد: بینکنگ محتسب پاکستان نے کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 14ہزار910 شکایات کو نمٹایا گیاہے۔ بینکنگ محتسب پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری تا جون کے دوران بینکنگ محتسب کو 14ہزار910 شکایات کو نمٹاتے ہوئے بینکاری کے شعبہ کے صارفین کو305.5 ملین روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس دوران موصول ہونے والی مجموعی شکایات میں سے 99 فیصد یعنی 14ہزار755شکایات کو افہام وتفہیم سے نمٹایا گیا ہے جبکہ ایک فیصد یعنی 155 مختلف شکایات پر آرڈرز کے ذریعہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون 2021 کے دوران بینکنگ محتسب پاکستان کو مجموعی طور پر 20 ہزار 220نئی شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں سے 13 ہزار 27 شکایات کو پرائم منسٹر پورٹل کے ذریعہ موصول ہوئی۔
مزید برآں سال 2020کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے پہلے چھ مہینوں کے دوران کمرشل بینکوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات میں 81فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گذشتہ سال میں جنوری تا جون 2020 کے دوران11 ہزار174شکایات موصول ہوئی تھیں جبکہ سال رواں میں جنوری تا جون 2021 کے دوران کمرشل بینکوں کے خلاف موصولہ شکایات20 ہزار220تک پہنچ گئیں۔