دلہن گھوڑے پر بیٹھ کر بارات لے کر دلہے کے گھر پہنچ گئی

شادی میں عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ دلہا بارات لے کر اپنی دلہن کے گھر جاتا ہے لیکن آج ہم آپ کو ایسی شادی کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جس میں دلہے کی بجائے دلہن بارات کے کر دلہے کے گھر پہنچ گئی۔

جی ہاں یہ منفرد شادی بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر امبالا میں ہوئی جہاں دلہن رواج تبدیل کرتے ہوئے گھوڑے پر بیٹھ کر دلہے کے گھر بارات لے کر پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریا نامی دلہن سہرا پہنے اور ہاتھ میں تلوار لیے گھوڑے پر سوار ہوکر دلہےکے گھر پہنچی جبکہ بارات میں اس کے ساتھ والد، والدہ اور دیگر رشتے دار بھی تھے۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پریا کے والد نریندر اگروال نے کہا کہ وہ اس خیالی تاثر کو بھی توڑنا چاہتے تھے کہ لڑکیاں لڑکوں سے کمتر ہوتی ہیں۔

دوسری جانب دلہن کا کہنا ہے کہ میری بچپن کی خواہش پوری ہوگئی، میں بہت خوش ہوں، یہ موقع عموماً لڑکوں کی زندگی میں آتا ہے لیکن ہمارے گھر میں میرے والدین نے مجھے ایک لڑکے کی طرح پالا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریا وکالت کے شعبے سے وابستہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں