دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا افتتاح کر دیا گیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دبئی ایکسپو 2020میں پاکستانی فلموں کی نمائش کاافتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پویلین ہیرے کی مانند ہے ، یہاں پیش کی جانے والی پاکستانی فلمیں عالمی ناظرین کے لئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دبئی ایکسپو 2020میں پاکستانی فلموں کی نمائش کاافتتاح کر دیا.

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ڈرامہ،فلم، ڈیجیٹل میڈیا سے اپنی کہانی دنیا تک پہنچائی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 1960کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم میکرملک تھا، پاکستان دنیا کا دوسرا ملک تھا جہاں بڑے سینما گھر تھے، مناسب توجہ نہ ملنے سے فلم انڈسٹری زوال کا شکارہوئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری بحالی کے اقدامات کیے اور سینما گھروں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ، بجلی کے نرخوں میں رعایت سمیت سینما گھروں پر ٹیکسوں میں کمی کی، اب سینما گھروں کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے بھی اقدامات کرتے ہوئے فلم انڈسٹری پر تمام ٹیکسز ختم کر دیے ہیں، مقامی موادکی حوصلہ افزائی کے لیے غیر ملکی مواد پرٹیکس عائد کیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین ہیرے کی مانند ہے، یہاں پیش کی جانے والی پاکستانی فلمیں عالمی ناظرین کے لئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں