خیبرپختونخوا نے فائنل میچ میں ناردرن کو 169 رنز سے ہرا کر قائداعظم ٹرافی جیت لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
خیبرپختونخوا نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان افتخار احمد کی شاندار سنچری اور کامران غلام کے 72 رنز کی مدد سے 374 رنز بنائے۔
ناردرن کی جانب سے مبصر خان نے چار، وقاص نے تین جب کہ محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، سلامی بیٹرز محمد ہریرا نے 51 اور حیدر علی 81 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد ناردرن کا کوئی بھی بیٹر بڑی باری لینے میں ناکام رہا اور اس طرح ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
خیبرپختونخوا کے ساجد خان اور محمد وسیم جونیئر نے چار چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
خیبر پختونخوا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 118 رنز کی بڑی لیڈ سے کیا، فخر زمان نے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
ناردرن اچھی بولنگ کے باعث خیبرپختونخوا کی ٹیم دوسری اننگز میں 265 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور ناردرن کو جیت کے لیے 384 رنز کا ہدف دے ڈالا۔
محمد نواز نے چار جب کہ موسی خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کاشف خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم ہریرا اور فیضان کے سوا کوئی بیٹر بھی بڑا اسکور کرنے سے قاصر رہا۔
ساجد خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔