خواتین پر تشدد کے خاتمہ کا عالمی دن 25 نومبر کو منایا جا ئے گا

ملک بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمہ کا عالمی دن (انٹرنیشنل ڈے آف وائلنس اگینسٹ وومن)کل 25 نومبر بروز جمعرات کو منایاجا ئے گا۔

اس موقع پر کانفرنسز، سیمینارز، مذاکروں، مباحثوں، ورکشاپس سمیت دیگر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں واکس کا بھی انعقاد کیاجا ئے گاتاکہ خواتین پر گھریلو تشدد، جسمانی تشدد، جنسی طور پر ہراساں کرنے، دفاتر، نیم سرکاری، صنعتی، کاروباری، تجارتی و دیگر اداروں میں کام کے دوران صعوبتوں سے نجات اور ان کے مسائل کے متعلق آگاہی اور شعوری بیداری پیدا کی جا سکے۔

اس دن کے حوالے سے خواتین کے حقوق کیلئے سر گرم این جی اوز، محکمہ ترقی خواتین، وومن سنٹر،حقوق انسانی کمیشن، نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن،قانون ساز اداروں، وائٹ ربن تنظیم اور دیگر آرگنائزیشنز کے زیر اہتمام بھی خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔ خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کا آغاز اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنرل اسمبلی کی ایک قرار داد کی منظوری کے بعد 25نومبر 1999سے کیا گیاجس کے بعد یہ دن ہر سال 25نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کے طورپر منایا جاتاہے۔

وائٹ ربن کمپین پاکستان کے ترجمان نے بتایاکہ خواتین پر تشدد تہذیب یافتہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ایک عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 6میں سے 1عورت کو کسی نہ کسی طرح مردکے تشد د کا نشانہ بننا پڑتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ متعلقہ ادارے خواتین کے حقوق اور ان کے خلاف ہر قسم کے جسمانی، جنسی، ذہنی تشدد کے خاتمہ کیلئے بھر پور مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ خواتین کو ان کے حقوق سے روشناس کروانے سمیت صنفی عدل و مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔ دریں اثنا خواتین پر تشد د کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیاخصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں