قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے لیجنڈ عمران خان اور وقار یونس کا ریکارڈ برابر کردیا۔
چٹاکانگ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں حسن علی نے بنگلہ دیش کیخلاف 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کیں، جو انکا ایک سال میں پانچواں فائفر تھا۔
اس سے قبل ایک ہی سال میں 5 بار فائفر حاصل کرنے کا کارنامہ لیجنڈ کرکٹر عمران خان اور سابق بالنگ کوچ وقار یونس کے پاس تھا.
عمران خان نے 1982 جبکہ وقار یونس نے 1990 میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا تاہم وقار یونس نے 1993 میں ایک سال میں 6 بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا۔
قومی فاسٹ بولر کا مجموعی طور پر رواں سال 13ویں ٹیسٹ اننگز میں یہ ان کا پانچواں فائفر تھا جبکہ اس سال کے آغاز میں حسن علی نے 10 وکٹیں ایک ٹیسٹ میچ میں اپنے نام کی تھیں.
پاکستان کے قومی فاسٹ بولر حسن علی رواں سال 7 ٹیسٹ میچز میں 37 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جس میں جنوبی افریقہ، زمبابوے کیخلاف دو دو جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف ایک فائفر شامل ہے۔