حارث رؤف یارکشائر کاؤنٹی کا حصہ بن گئے

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بالر حارث رؤف یارکشائر کاؤنٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔

یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ساتھ شراکت داری کا  اعلان کیا ہے ۔

شراکت داری میں  ایک پلیئر ایکسچینج پروگرام  شامل  ہے جس کے ذریعے بین الاقوامی کھلاڑی ایک دوسرے سے سیکھ سکیں گے۔اسی پروگرام کے تحت یارکشائر کاؤنٹی نے 2022  کے لیے حارث رؤف کو بطور اوورسیز کھلاڑی  ٹیم میں شامل کیا ہے۔

اس شراکت داری میں دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر  یارکشائر کے نوجوان کھلاڑیوں کو وظائف ،لاہور کا سفر کرنے، وہاں تربیت حاصل کرنے ،کھیلنے بشمول قلندرز کی فرسٹ کلاس سہولیات تک رسائی کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ  پاکستان سے نوجوانوں کے لیے یارکشائر جانے کے مواقع بھی ہوں گے۔

اس شراکت داری میں یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کو لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے سیکھنے  کا موقع حاصل ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے اکیڈمی کے کھلاڑیوں کے لیے مختلف حالات میں تربیت کرنے اور کھیلنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔

لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے درمیان 16 جنوری 2022 کو لاہور کے مشہور قذافی اسٹیڈیم میں ایک دوستانہ  میچ بھی کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ نوجوان فاسٹ بالر حارث رؤف  انٹرنیشنل ڈیبیو سے قبل بگ بیش لیگ  بھی کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنی شاندار بالنگ کے ذریعے دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی۔

جنوری 2020 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے حارث رؤف پاکستان کے لیے 8 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 14 اور 41 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں