قومی ٹیم کے سابق عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاملات طے پاگئے۔
ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے معاملات سنبھالیں گے یعنی انہیں بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے اور اب وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ذمہ داریاں نہیں نبھائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان کے سابق اسٹار اسپنر ثقلین مشتاق اور بورڈ کے درمیان کچھ اختلافات سامنے آئے تھے جس پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کہا یہ جارہا ہے تھا کہ ان کے بورڈ کے ساتھ معاوضے سے متعلق معاملات طے نہیں ہوئے تاہم ایسا لگتا ہے کہ وہ شاید نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی جگہ قومی ٹیم کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کے ساتھ مذاکرات کیے جس کے بعد بورڈ اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے سابق ہائی پرفارمنس کوچ کے درمیان معاملات طے ہوگئے ہیں اور انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔