گزشتہ روز پی ایس ایل میچ میں پشاور زلمی کے بیٹر بین کٹنگ سے تلخ کلامی کے معاملے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر سہیل تنویر کا بیان سامنے آگیا۔
ایک بیان میں سہیل تنویر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ 2018 سے چلتا آرہا ہے ،کل کے میچ میں جو ہوا وہ اچھا نہیں تھا اور ایسے واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔
سہیل تنویر نے بتایا کہ چھکا پڑنے کے بعد جب میں نے آؤٹ کیا تو اشارہ کیا، یہ غیر ارادی تھا اور مجھے برا لگا تھا جس کے بعد میں نے اگلی صبح ناشتے کی میز پر بین کٹنگ سے معذرت کی تھی۔
کرکٹر کا کہنا تھا کہ کل کے میچ میں بین کٹنگ نے مجھے 2 چھکے مارے اور اشارہ کیا جس کے بعد ہمارے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا اور جب میں نے کیچ لیا تو میں نے بھی غصے میں اشارے کیے۔
سہیل تنویر نے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا اس سے بچا جاسکتا تھا۔
واضح رہےکہ پی ایس ایل میں گزشتہ روز کھیلے گئے مقابلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24رنز سے شکست دی تھی۔