کراچی: برطانیہ میں فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی اور گلوبل ساکر وینچرز(جی ایس وی) کے باضابطہ سفیر، مائیکل اوین پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ لیورپول کے گوہر نایاب پلیئر 25جنوری، 2022ء کو اسلام آباد پہنچیں گے اور پاکستان میں فٹبال کے عہد کی تبدیلی کا آغاز کریں گے۔ اعلیٰ سطح پر کھیلوں کی مصروفیات اور ایونٹس کے علاوہ مائیکل پاکستان میں جی ایس وی کی طرف سے پاکستان میں فٹبال کی اووہال کے بارے میں اپنے ویژن کی وضاحت بھی کریں گے۔
دورہ پاکستان میں مائیکل اوین وزیر اعظم، عمران خان کے علاوہ معاون خصوصی برائے اُمور نوجوانان اور کامیاب نوجوان پروگرام کے چیئرمین، عثمان ڈار سے ملاقات کریں گے اور جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کریں گے۔مائیکل،اسلام آباد میں، آرمی چیف سے بھی خیر سگالی ملاقات کریں گے اور بعدازاں ایوان صدر میں،صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں،26جنوری،2022ء کو مائیکل اوین کراچی آئیں گے جہاں وہ این ای ڈی یونیورسٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان کے پہلے ساکر سٹی کی تصاویر دنیا بھر میں جاری کریں گے۔
اپنے اس دورے کے بارے میں مائیکل اوین نے کہا:”میں پاکستان کے فٹبال کی بحالی کے سب سے بڑے پروگرام میں شرکت کرنے اور پاکستان میں فٹبال کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر بہت پرجوش اور خوش ہوں۔“
اس بارے میں جی ایس وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، زیب خان نے کہا:”اس بارے میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ انگلینڈ کا فخر اور مایہ ناز فٹبال پلیئر پاکستان میں فٹبال کو بحال کرے گا اور اسے بلندیوں تک لے جائے گا۔ مائیکل، لیورپول کے مخلصانہ تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کو فٹبال کے میدان میں ایک کامیاب قوم بنانے کے لیے ان کا عزم اور خیر خواہی انتھک ہے۔“
گلوبل ساکر وینچرز کے گروپ چیئرمین، یاسر محمود نے کہا: ”پاکستان کے لیے مائیکل اوین کو ایک ایسے ملک میں خوش آمدید کہنا نہایت اعزاز کی بات ہے جہاں فٹبال کو ایک پیشہ ورانہ راہنمائی کی ضرورت ہے۔یہ تبدیلی مائیکل اوین جیسے کھلاڑی کے ذریعے شروع ہو رہی ہے اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ فٹبال کے پرجوش لمحات آنے ہی والے ہیں۔“
پاکستان میں فٹبال کا کھیل، جی ایس وی کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد اور حکمت عملی کے ذریعے برقرار رہنے کے لیے آیا ہے۔ گلوبل ساکر وینچرز بنیادی سطح پر فٹبال کے لیے مستحکم منصوبہ تیار کرے گا، یورپ میں بین الاقوامی ترقی کے لیے ٹیلنٹ کی نشاندہی کا پروگرام پیش کرے گا اورانتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی فٹبال کے معاہدوں کے ذریعے طرز زندگی بدل دینے والے کیرئیر پیش کرے گا۔ اسی کے ساتھ، جی ایس وی کراچی میں، این ای ڈی یونیورسٹی کے مقام پر فلیگ شپ پروجیکٹ کے طور پر جدید ترین ساکر سٹی تعمیر کرے گا جس میں عالمی معیار کی اسپورٹس سائنس کو ترقی دی جائے گی۔اس کے علاوہ، ایک زبردست فٹبال فرینچائز بھی تیار کی جائے گی جو پاکستان کے خوابوں کا تعبیر ہو گی۔