وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے گہرا تعلق ہے، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں۔
اسلام آباد میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے سب سے کم اوور سیز پاکستانیوں کا فائدہ اٹھایا ہے
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترقی کرتے دیکھا ہے، اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، بد قسمتی سے ہم نے اس اثاثے کا فائدہ نہیں اٹھایا، اوورسیز پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھیجا۔
عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری میں سب سے زیادہ رکاوٹ کرپشن ہے، سسٹم میں بہتری لاکر سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں قبضہ گروپ بیٹھا ہوا ہے، اوور سیز پاکستانیوں نے پلاٹ لیے جن پر یہاں قبضے ہوگئے۔
اس موقع پر وزیرخزانہ شوکت ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن اپنا گھر پروگرام شروع کرنے میں اسٹیٹ بینک کا کلیدی کردار ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ پروگرام سے سمندر پار پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔