بھارت کا اجمیر شریف روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو ویزہ دینے سے انکار

بھارتی حکومت نے اجمیر شریف روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے انکار کردیا۔

وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستانی زائرین سے ناروا سلوک کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کے سطح پر اٹھایا جائے گا۔

بھارتی حکومت نے اجمیر شریف عرس پر روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے عین وقت پر انکار کردیا۔

پاکستانی زائرین نے 3 فروری کو حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ عرس پر انڈیا روانہ ہونا تھا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انڈین ایمبیسی نے ہمیں عرس پر روانگی کیلئے تیار رہنے کا کہا تھا، انڈین ایمبیسی نے حسب سابق ویزوں کے اجراء سے عین وقت پر انکار کیا۔

انہویں نے کہا کہ اجمیر شریف کی حاضری کیلئے ہندوستان حکومت سے جاری تمام ہدایات پر عمل کے باوجود آخری وقت پر انکار ناقابل فہم ہے، حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہشمند مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستانی زائرین سے اس ناروا سلوک اور رویے کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کے سطح پر اٹھایا جائے گا، پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیشہ بھارتی ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ انڈیا نے کرونا کا بہانہ بنا کر عین وقت پر دونوں ملکوں کے مابین زیارت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 سال سخت کورونا پابندیوں کے باوجود ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے دیے جب کہ انڈین سفارتخانے کی سستی کے باعث دور دراز علاقوں سے لاہور آنے والے سینکڑوں زائرین ذہنی اذیت کا شکار ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں