بھارت ریاست کیرالہ میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے. مقامی انتظامیہ نے ریلیف کیمپ قائم کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جہاں اب تک پچیس افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے ضلع کوٹایم میں مٹی کا تودہ گرنے سے تیرہ افراد ہلاک ہوئے۔ مزید بارشوں کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کیرالہ کے پانچ اضلاع میں موسم کا ریڈ الرٹ اور سات اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کیرالہ کے کچھ حصوں میں فوج، بحریہ اور فضائیہ نے امدادی کام کیلئے ریلیف کیمپ قائم کردئیے ہیں۔
کیرالہ میں سیلاب کی صورتحال بہت سنگین ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 20 تاریخ سے ریاست میں پھر زبردست بارش کے امکان ہیں، دوسری جانب کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے اتوار کو کہا کہ ریاستی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے لوگوں کی بحالی کے لیے یہاں 105 امدادی کیمپ کھولے ہیں۔