بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کنویں میں گرنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ خواتین اور بچے کنویں کو ڈھانپنے والی ایک دھاتی سلیب پر بیٹھے تھے کہ اس دوران سلیب وزن سے ٹوٹ گیا۔
ضلع کشی نگر میں پیش آنے والے حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ خوتین اور بچوں کی موت نے دل جھنجھوڑ دیا ہے۔
حادثہ بدھ کے روز اس وقت پیش آٰیا جب شادی میں ’’ہلدی‘‘ کی تقریب جاری تھی، جس میں خاندان کے افراد خوشحالی کے نشان کے طور پر دلہن اور دلہا کے چہروں پر ہلدی کا پیسٹ لگاتے ہیں۔
کنویں پر رکھے سلیب کے ٹوٹتے ہی مہمان متاثرین کو بچانے کے لیے بھاگے اور انہیں قریبی اسپتال لے گئے۔ حادثے میں 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتیاناتھ نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ فیملی کی مدد کی جائے.