ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کو ابھی تک این سی او سی سے 89 لاکھ ویکسین ملی ہیں، کوئی بھی ملک اس وقت صوبائی حکومت کیساتھ ڈیل نہیں کررہا ،وفاق کیساتھ کررہا ہے، کوئی بھی بین الاقوامی ادارہ صوبائی حکومت کیساتھ ڈیل نہیں کررہا، اگر وفاق ہمیں ویکسین خرید کر دیتا ہے تو ہم ادائیگی کے لئے تیار ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں اگرڈیڑھ لاکھ افراد کو ویکسین لگ رہی ہے تو اسے منیج کرنا مشکل ہوتا ہے۔پاکستان بھر میں کورونا کی شرح 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے سندھ حکومت غلط فیصلے کررہی ہے، ہم کہتے تھے بروقت فیصلے نہ کئے تو ڈیلٹا ویرینٹ آگ کی طرح پھیل سکتا ہے، کچھ لوگوں کاکام صرف تنقید کرنا اور سندھ حکومت کی سیاسی چائنا کٹنگ کرنا ہے، سندھ حکومت عوام کو بچانے کیلئے متحرک طریقے سے کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں مزید ویکسی نیشن سینٹر کھول رہے ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 2 لاکھ 90 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی ہے۔ چھ سات روز پہلے لوگ ویکسین لگوانے نہیں جارہے تھے، ویکسی نیشن کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر تقریبا 3 لاکھ تک پہنچائی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ کراچی میں 24 گھنٹوں میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے ویکسین لگوائی، کراچی کے ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ لوگوں نے ویکسین لگوائی، ہمارا آج ویکسین لگانے کا ٹارگٹ 3 لاکھ سے زیادہ ہے، کراچی میں 12 موبائل ویکسین وین کام کررہی ہیں، سانگھڑ میں روزانہ گیارہ بارہ ہزار لوگوں کی ویکسی نیشن ہورہی ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کے ہر ضلع اور شہر میں ویکسی نیشن ہورہی ہے، کچھ جگہوں پر مشکلات آرہی ہیں، جنہیں دور کیا جارہا ہے۔