برطانیہ میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کےمطابق واقعہ برطانیہ کے جنوبی شہر سالسبری کے لندن روڈ کے ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جس میں اب تک 17 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔
برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ مقامی وقت کے مطابق واقعہ شام سات بجے کے قریب پیش آیا جس میں ایک ٹرین ٹنل سے ٹکرائی جس کے بعد دوسری ٹرین سگنل کے مسائل کی وجہ سے متاثرہ ٹرین سے جاٹکرائی۔
⚠️ Statement on this evening's incident, with @GWRHelp and @SW_Help : pic.twitter.com/JxfMqaWUCu
— Network Rail Wessex (@NetworkRailWssx) October 31, 2021
حادثے کے نتیجے میں ایک ٹرین ڈرائیور کو فوری طورپر نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ حادثے میں زخمی دیگر افراد بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حادثے میں زخمی ایک شہری کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ٹرین میں ایک دم اندھیرا چھا گیا جس کے بعد لوگوں میں خوف پھیل گیا اور انہوں نے چیخ و پکارشروع کرتے ہوئے بھاگنا شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ ہیلی کاپٹرز نے بھی ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا۔
حادثے کے نتیجے میں علاقے میں فی الحال ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے حادثے میں کسی ہلاکت کے نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔