نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 10 فیصد سے زائد شرح والے علاقوں میں ان ڈور تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔
وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں بڑھتے کرونا وائرس سے متعلق موجودہ صورت حال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر 10 فیصد سے زائد کرونا وائرس کیسز کی شرح والے علاقوں میں ان ڈور تقریبات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات کی 300 ویکسی نيٹڈ افراد کے ساتھ اجازت ہوں گی، 10فیصد سے زائد شرح والے علاقوں میں انڈو رشادی تقریبات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
این سی او سی کے نئے فیصلے کے مطابق 10 فیصد سے زائد شرح والےعلاقوں میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی لگا دی گئی ہے، شادی ہالز سے متعلق پابندیوں کا اطلاق 15 فروری تک ہوگا، صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کرونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی۔