نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگادی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں این سی او سی نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔
این سی او سی نے وزیراعظم کو بتایا کہ وباء کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت اور ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شادی کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور 300 افراد تک کی شرکت سے مشروط ہے۔
این سی او سی نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ ان ڈور جم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ منتخب اضلاع میں 4 تا 12ستمبر تک اضافی این پی آئیز (Non pharmaceutical Interventions) نافذ کی جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب،خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے منتخب اضلاع کے لیے این پی آئیز کا جائزہ لیا ہے، بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں اضافی این پی آئیز کا نفاذ کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اضافی این پی آئیز کا نفاذ خیبرپختونخوا کے ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، ایبٹ آباد، پشاور میں بھی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اضافی این پی آئیز کا نفاذ ہوگا۔