نیشنل بینک آف پاکستان(این بی پی)اور پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک (پی ایم این) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد پاکستان میں مائیکروفنانس کی بڑھتی ہوئی صنعت کو تقویت فراہم کرنے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان باہم اشتراک قائم کرنا ہے۔
مائیکروفنانس سیکٹر کو قرض فراہم کرنے میں نیشنل بینک آف پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی بینک ہے۔ تاہم اس معاہدے کے باعث بینک کی مائیکروفنانس صنعت میں موجودگی مزید مضبوط ہوگی جبکہ کاروبار کے نئے مواقع کی تلاش میں مفید ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت نیشنل بینک پی ایم این کے اراکین کو اپنے اکاؤنٹ سے متعلق سروسز کے ساتھ کریڈٹ کی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔ جبکہ پی ایم این نیشنل بینک اور اپنے اراکین کے ساتھ روابط میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا تاکہ مالی خدمات کے فروغ کے ساتھ ڈیٹا اور ریسرچ کا تبادلہ، کلائنٹ کی آگاہی اورمالی تعلیم کی فراہمی اور باہمی مفاد کی معلومات کا تبادلہ کیا جاسکے۔
پی ایم این مائیکرو فنانس انڈسٹری میں ریٹیل اداروں کے لئے ایک قومی ایسوسی ایشن ہے جسے 1997 میں قائم کیا گیا۔ گزشتہ کئی برسوں میں ایسوسی ایش کی سرگرمیوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اس وقت ایسوسی ایشن میں 44 مائیکروفنانس فراہم کنندہ ہے جس میں مائیکرو بنک بھی شامل ہیں۔