پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے منی بجٹ پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ارکان کو منی بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اراکین کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
حکومتی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندورنی کہانی بھی سامنے آ گئی۔ جس میں ایم کیو ایم نے منی بجٹ پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم ارکان نے کہا کہ ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا ہے اور منی بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیر خزانہ ابھی بل سے متعلق تفصیلات ایوان کو بتا دیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر مطمئن نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور حکومت مزید اقدامات بھی اٹھائے گی۔