پاکستان کی ابھرتی اداکارہ و ماڈل ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے اور واپسی کی وجہ بتا دی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ ایمن سلیم کی جانب سے ایک یوٹیوب کے لیے دیئے گئے انٹرویو میں اپنے آنے والے نئے پروجیکٹس اور شوبز میں واپسی سے متعلق بات کی گئی۔
شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے اعلان کے بعد دوبارہ واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ ’وہ انڈسٹری میں کام کرنے سے متعلق واضح سوچ نہیں رکھتی تھیں، انڈسٹری میں رہنے کے لیے آپ کو ہر وقت کسی کردار میں رہنا پڑتا ہے حتیٰ کہ آپ کسی تقریب میں ہی کیوں نہ ہوں، وہ ایسی مصنوعی زندگی نہیں جینا چاہتی تھیں اور وہ پہلے اس کے لیے تیار بھی نہیں تھیں۔‘
ایمن سلیم نے مزید کہا کہ ’اُنہوں نے اپنے شائقین سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ہمیشہ مثبت، مضبوط کردار اور ایسے پروجیکٹس کریں گی جس کے آخر میں کوئی پیغام ملے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اُن کے پہلے ڈرامے کے بعد بہت سارے پروجیکٹس اُنہیں آفر ہوئے تھے مگر کوئی اچھا اسکرپٹ نہیں تھا جس نے اُنہیں متاثر کیا ہو، اس لیے انہوں نے شوبز سے بریک لے لیا تھا، بطور اداکارہ وہ منفرد اور مختلف کردار کرنے کی خواہش مند ہیں۔‘
ایمن سلیم کا بتانا تھا کہ آج کل وہ اپنے آنے والے نئے پروجیکٹ میں مصروف ہیں جو کہ اگلے سال نشر کیا جائے گا۔