ڈھاکا میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-4 سے ہرادیا، پانچ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان چوتھے نمبر پر رہا۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی میں روایتی حریفوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلئے پاکستان اور بھارتی پلیئرز سر دھڑ کی بازی لگاتے دکھائی دیے۔
کھیل کے ابتدا میں بھارت کے ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر پر گول کیا، کچھ ہی دیرمیں پاکستان کے افراز نے اسکور برابر کردیا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے عبدالرانا نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، اس موقع پرپاکستان کے گول کیپر مظہرعباس نے کئی یقینی گول بچائے، کھیل کے فائنل کوارٹر میں زبردست مقابلہ ہوا اور مجموعی طور پر تین گول اسکور ہوئے۔
بھارت کے آکاش دیپ سنگھ نے یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلادی، لیکن یہاں بھی قومی ٹیم نے ہمت نہیں ہاری اور اختتامی لمحات میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
میچ ختم ہونے سے قبل پاکستان کو دو پنالٹی کارنر ملے مگر وہ اسکور کرنے میں ناکام رہے، جب میچ ختم ہوا تو پاکستان کو ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پانچ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان چوتھے نمبرپر رہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوریا نے پاکستان اور جاپان نے بھارت کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔