ایشز میں آسٹریلیا کو 0-2کی برتری، دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 275 رنز سے شکست دے کر ایشز میں دو صفر سے برتری حاصل کرلی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 473 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 236 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو فالو آن کرانے کی بجائے 9 وکٹوں پر 230 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی اور انگلینڈ کو 468 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے پہلی اننگز میں مارنس لیبوشین نے 103 رنز بنائے۔ کپتان اسٹیون اسمتھ 93 رنزبنا سکے۔ ایلکس کیری نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس نے 3 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹوارٹ براڈ، کرس ووکس، اولی رابنسن اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ناکام ہوئی۔ ڈیوڈ ملان نے 80 اور جو روٹ نے 62 رنز بنائے۔ بین اسٹوکس 34 اور کروس ووکس 24 رنز بنا سکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک نے 4 اور نیتھن لیون نے 3 جب کہ کیمرون گرین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ مائیکل نسر نے حاصل کی۔

آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں ٹریوس ہیڈ 51 اور کیمرون گرین 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے 230 رنز بنا کر انگلینڈ کو 468 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھی انگلش ٹیم ناکام ہوئی۔ چار رنز پر ہی حسیب حمید بغیر کوئی رن بنائے رچرڈسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وقفے وقفے سے ہی انگلش ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔ کرس ووکس 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اوپنر روری برنز نے 34 رنز بنائے۔

ایشز ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کودو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے سیریز کے ابھی 3 میچ باقی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں