وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نےکہاہےکہ اگلا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے ہی ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے ہر قیمت پر قانون سازی کی جائےگی ، اپوزیشن تجاویز دے کھلے دل سے قبول کریں گے ۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مشینیں خود اور اپنی مرضی سے خریدےگا، حکومت صرف سپورٹ کر رہی ہے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربے ہر جگہ کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کے الیکشن کے لیے بھی مشین آفر کریں گے، اگلا جنرل الیکشن انشاءاللہ قابل قبول ہوگا، دھاندلی روکنے کا طریقہ ٹیکنالوجی ہی ہے۔
مشیر پارلیمانی امورکا کہنا تھا کہ بھارت میں بھی یہی ٹیکنالوجی ہی استعمال ہوئی اور مودی کی حکومت بنی،الیکشن پر خرچ اربوں میں ہوتا ہے اور نتیجہ دھاندلی کے نعرے ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کیا تھا اور اس سے فرضی ووٹ بھی ڈالا تھا۔
اپوزیشن کی جانب سے اب تک الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں انٹر نیٹ یا کسی سافٹ وئیر کا کوئی عمل دخل نہیں، اس میں ٹیمپرنگ نہیں کی جاسکتی اور یہ استعمال میں بھی آسان ہے ۔