اٹلی کے شہرمیلان میں نجی طیارہ فنی خرابی کے باعث زیرتعمیر عمارت پر جاگرا،حادثے میں طیارے میں سوار 8افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے شمالی شہر میلان میں ایک چھوٹے طیارے نے لناٹ سٹی ہوائی اڈے سے جزیرے سرڈینیا کے مط اُڑان بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد نجی طیارہ زیرتعمیر عمارت پر جاگرا،جس سے جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی۔
حادثے سے عمارت اور قریب کھڑی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی،فائر فائٹرز کے عملے نے طیارے میں لگی آگ پر ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد قابو پایا۔
طیارے کے ملبے سے 8 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں تاحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زمین پر کسی کی ہلاکت رپورٹ نہیں کی گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت طیارہ عمارت سے ٹکرایا وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور تزئین و آرائش کا کام جاری تھا تاہم خوش قسمتی سے حادثے کے وقت مزدور موجود نہیں تھے۔
بعض عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب طیارہ عمارت سے ٹکرایا اس میں پہلے سے آگ لگی ہوئی تھی۔
حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہےتاہم ایوی ایشن نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔