آزاد کشمیر: گنگا چوٹی پر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ غیر سرکاری تنظیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

آئی ٹی کی ذریعے روزگار فراہم کرنے والی غیر سرکاری تنظیم نے سطح سمندر سے 10 ہزار فٹ بلند اور آزاد کشمیر کے 3 اضلاع کے سنگم گنگا چوٹی پر اسنو اسپورٹس فیسٹول کا انعقاد کر کے سیاحوں کو اس مقام کی جانب متوجہ کر دیا۔

آسمانوں کو چومتے پہاڑوں کو پاؤں تلے روندنے کا شوق انسان کو کبھی برف سے ڈھکی چوٹیوں پر لے گیا اور کبھی اس شوق نے انسان کو وہ حوصلہ عطا کیا کہ اس کے پاؤں کی دھمک سے برفستانوں کے دل لرز اٹھے، تبھی گنگا چوٹی کی بلندی سے برف کو پاؤں تلے کچلتے اسکیئرز نے اسنو اسپورٹس فیسٹیول کی ساری رونقیں اپنے نام کر لیں۔

اسنو اسپورٹس فیسٹیول کے لیے وسائل ایک غیر سرکاری تنظیم ایم ٹی بی سی نے مہیا کیے جسے حکومتِ آزاد کشمیر نے بھی اپنا بساط بھر تعاون مہیا کیا۔

فیسٹیول میں کشمیر کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ افغانستان، سوات، چترال، مالم جبہ، گلگت بلتستان کی ٹیموں نے بھی شامل ہو کر رونق بڑھائی جبکہ روایتی لباس پہنے خواتین نے اس رونق کو چار چاند لگا دیئے۔

پہاڑوں، دریاؤں اور برفانی میدانوں کا یہ خطہ سیاحت کی اپنی مثال آپ ہے۔

گزشتہ برس مہم جوئی کے دوران جان قربان کرنے والے فخرِ پاکستان کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سد پارہ کی فیسٹیول میں آمد نے پہاڑ واسیوں کو مزید پُرجوش کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں