اومیکرون کا پھیلاؤ، 30 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کااعلان

کورونا کے اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے سبب 30 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

جرمن ایئرلائن لفتھانزا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) کا کہنا ہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث بکنگ میں تیزی سے کمی آئی ہے جس وجہ سے جنوری اور فروری میں 33 ہزار پروازیں منسوخ کرنی پڑیں گی۔

انہوں نےگزشتہ روز ایک جرمن اخبار کو بتایا تھا کہ ان کی کمپنی کو یورپی ہوائی اڈوں پر اپنی جگہ بنانے کے لیے سرد موسم کے دوران دیگر 18 ہزار غیر ضروری پروازوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم خزاں میں ہمیں یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ ہمارا کاروبار دوبارہ کیسے شروع ہوا۔ لیکن جنوری کے وسط سے فروری تک ہم بکنگ میں تیزی سے کمی دیکھ رہے ہیں اس لیے موسم سرما کی پروازوں کے شیڈول کے دوران 33 ہزار پروازیں منسوخ کرنا پڑیں گی۔

لفتھانزا کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ جنوری میں بکنگز میں کمی کی وجہ سے ہم مزید پروازوں میں کمی کر دیتے لیکن ہمیں اپنے ٹیک آف اور لینڈنگ کے حقوق کو محفوظ بنانے کے لیے سردیوں میں 18 ہزار اضافی و غیر ضروری پروازیں چلانی پڑتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جرمن طبی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اومیکرون ویریئنٹ کے بڑھتے کیسز کے باعث نظامِ صحت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

متعدی امراض کے روک تھام کے وفاقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھر ہائینز ویلر نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر کورونا کی نئی قسم اومیکرون تیزی سے پھیل سکتی ہے اس لیے عوام احتیاط برتیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘کیسز کے ایشیائی ممالک تک پہنچنے کے بعد عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے نئی پابندیاں نافذ کرنے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں تاکہ اس وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں