انٹر بینک میں روپیہ تگڑا، ڈالر 25 پیسے سستا

ہفتے کے آخری کاروباری روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ کاروباری ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 176روپے 49 پیسے تھی تاہم آج انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا دیکھا جارہا ہے، ڈالر کی قدر 25 پیسے کم ہوکر 176 روپے 24 پیسے پر بند ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 27 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ڈالر کی بڑھتی قیمت ملک میں مہنگائی کا بھی سبب بن رہی ہے، سال 2022 میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سمیت مختلف چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایکسچینج کمپنیوں کو اچانک 2016 میں واپس لیے گئے وِد ہولڈنگ ٹیکس کی اربوں روپے کے ادائیگی کے نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں، جس کے بعد ڈالر 200 روپے سے بھی تجاوز کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسچینج کمپنیوں کے نمائندوں کے مطابق ایف بی آر نے انہیں اُس ود ہولڈنگ ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کیے ہیں جو 2016 میں واپس لے لیا گیا تھا۔

اچانک موصول ہونےوالے ٹیکس نوٹسز نے ایکسچینج کمپنیوں میں افراتفری پیدا کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں