گزشتہ سال شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان نے کہا ہے کہ اُن کے شوہر اُن کے استاد اور آئیڈیل ہیں۔
ثناء خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر مفتی انس کے ہمراہ اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل نوٹ لکھا.
مفتی انس سے مخاطب ہوتے ہوئے ثناء خان نے کیپشن میں لکھا کہ ’آپ میری زندگی کے سب سے مہربان انسان ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد سے آپ میری زندگی میں جو تبدیلی لائے ہیں، اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا نہیں کر سکتی۔‘
ثناء خان نے کہا کہ ’آپ نے مجھے وہ بنایا جو میں آج ہوں اور میں اب بھی خود پر یقین نہیں کرسکتی ہوں، بےشک اللّٰہ تعالیٰ جیسے اور جِسے چاہے ہدایت دے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جب بہت سے نام نہاد لوگوں نے آپ کو میرے خلاف کرنے کی کوشش کی تو آپ کا دل کی گہرائیوں سے میرا احترام کرنے اور مجھ میں موجود اچھائیوں کی تعریف کرنے کا شکریہ۔‘
سابقہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ’آپ صرف میرے استاد نہیں بلکہ میرے آئیڈیل بھی ہیں، میں آپ کو بہت پیار اور شُکر گزاری کے ساتھ دیکھتی ہوں اور کاش! اللّہ تعالیٰ مجھے ویسا بنائے جیسا آپ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں۔‘
ثناء خان نے کہا کہ ’اس دنیا میں میری اصل کامیابی اس دن ہوگی جس دن مجھے آپ کا اخلاق ملے گا۔‘
اُنہوں نے اپنے ناقدین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے شوہر ان لوگوں کے لیے بھی عاجز ہیں جو ہمیں توڑنا چاہتے ہیں، ہمیں الگ دیکھنا چاہتے ہیں یا جعلی خبریں پھیلانا چاہتے ہیں۔‘
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’کسی بھی صورت حال میں آپ کی طاقت کے طور پر میں ہمیشہ ساتھ رہوں گی، ہمارے ساتھ اللّٰہ تعالیٰ ہے اور انشاء اللّٰہ کوئی شیطانی وار ہم پر نہیں چلے گا۔‘
ثناء خان نے مزید کہا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اس دنیا میں متحد رکھے اور ہمیں جنت میں دوبارہ متحد کرے۔‘
خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔
بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔