امریکی آبدوز کی جانب سے روسی سمندری حدود کی خلاف ورزی

ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ امریکی آبدوز نے روسی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ پیسیفک جزائر کےنزدیک امریکی آبدوز کی جانب سے روسی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی آبدوز کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر روسی وزارت دفاع نے امریکی فوجی اتاشی کو طلب کرلیا ہے۔

روسی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی آبدوز نے روسی حدود سے نکل جانے کی درخواست نظرانداز کی جس کے بعد روسی فوج نے متعلقہ اقدامات کیے تو امریکی آبدوز روسی حدود سے باہر چلی گئی۔

روسی فوج کے مطابق امریکی آبدوز نے خلاف ورزی اس وقت کی جب روسی فوج بحری مشقوں میں مصروف تھیں۔

واضح رہے کہ یوکرائن تنازع کو لے کر امریکہ اور روس کے درمیان کشیدگی برقرار ہے جبکہ روس نے اپنی 1 لاکھ کے قریب فوج کو یوکرائن سرحد کے قریب جمع کررکھا ہے۔

روس یوکرائن پر کسی بھی طرح کے حملے سے انکاری ہے جبکہ امریکہ نے یوکرائن سے اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔

امریکہ کے بعد متعدد دیگر ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو یوکراین چھوڑنے کی ہدایت کررکھی ہے، ان ممالک میں برطانیہ، جرمنی، کینیڈا، نیدرلینڈز، لیٹویا، جاپان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں