لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ امریکہ کی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی بے مثال کامیابی ہے۔ امید ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد اب کسی بھی ملک پر چڑھائی نہیں کرے گا۔اب تک طالبان نے جو اعلانات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔
منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناتھا کہ طالبان کا پرامن رہنا، مخالفین سے انتقام نہ لینا ، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو تحفظ اور عام معافی دینے کے اعلان کی موجودہ دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ افغان عوام نے ہمیشہ بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے۔ان میں صلاحیت ہے کہ وہ اپنے ملک کے مسائل کوبہتر انداز میں حل کر سکتےہیں۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سونامی کے ذریعے عوام کے حصے میں صرف ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی آئی۔ پی ٹی آئی کی تین سالہ حکومت میں مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کا جینا محال کر دیاہے ۔