امریکی صدر جوبائیڈن نے کابل حملوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کابل کے لیے ایک ’مشکل دن‘ قرار دیا۔امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دہشت گردوں سے گھبرائیں گے نہیں۔ ہم مشن کو نہیں روکیں گے۔ ہم انخلا جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کابل میں بدلتی صورتحال سے مجھے مسلسل اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔
انھوں نے امریکی فوج کی تعریف کی جو دوسروں کی زندگیاں بچانے کے خطرناک مشن میں مصروف تھے۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکہ ان تمام افغان خاندانوں کے لیے دکھی ہے جنہوں نے اس ظالمانہ حملے میں بچوں سمیت لوگوں کو کھو دیا۔ہم غصہ ہونے کے ساتھ ساتھ دل شکستہ بھی ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا ہمیں بہت کچھ کرنا ہے۔ ہم یہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمیں صرف ثابت قدم رہنا ہے۔
ہم اپنا مشن مکمل کریں گے اور فوجیوں کے انخلا کے بعد ہم ان ذرائع کی وضاحت کریں گے جن کے ذریعے ہم کسی بھی امریکی کو تلاش کر سکتے ہیں جو افغانستان سے نکلنا چاہتا ہے۔ ہم انہیں ڈھونڈیں گے اور ہم انہیں باہر نکالیں گے۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ حملہ کرنے والے اور ان کے علاوہ جو کوئی بھی امریکہ کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے وہ یہ جان لے، ’ہم انہیں معاف نہیں کریں گے اور نہ ہم انہیں بھولیں گے۔ ہم آپ کا شکار کریں گے اور آپ کو اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔
انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ آج کے حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔