امریکہ نے طالبان کو انعام کی آفر کر دی

واشنگٹن: امریکہ نے داعش خراسان کے امیر کی گرفتاری پر طالبان کو بھی انعامی رقم دینے کی آفر کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے طالبان کو بھی آفر کر دی ہے کہ اگر وہ افغانستان میں موجود داعش خراسان کے امیر ثنا اللہ غفاری کی گرفتاری میں مدد دیں تو وہ بھی ایک کروڑ ڈالر کی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں داعش خراسان کے امیر ثنا اللہ غفاری کی سربراہی میں 5 ہزار خطرناک جنگجو برسرپیکار ہیں جن کے خاتمے کے لیے طالبان سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکی حکام دوحہ میں ہونے والے امن مذاکرات پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے نئی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ داعش سربراہ ثنا اللہ غفاری کے ٹھکانے کا پتہ دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش سے طالبان بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ داعش سربراہ ثنا اللہ غفاری کی گرفتاری پر یہ انعام 26 اگست کو کابل ایئرپورٹ خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے پر رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کسی بھی ملک کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے کی ضمانت پر قائم ہیں اور اس حوالے سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کابل ایئرپورٹ کے مرکزی دروازے پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اُڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی اور 175 سے زائد شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں