پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ انتہائی ناپسندیدہ اور خطرناک قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے آسٹریلیا کو ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوزیں فراہم کرنے کے امریکی فیصلے پر تنقید کی ہے، شمالی کوریا نے اس معاہدے کو انتہائی ناپسندیدہ اور خطرناک قرار دیا۔
شمالی کوریا نے تنبیہ کی ہے کہ اگر اس معاہدے کی وجہ سے شمالی کوریا کی سلامتی کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو غیر متعین اقدامات کیے جائیں گے۔
شمالی کوریا کا مؤقف ہے کہ امریکا اور برطانیہ کا آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے سے خطے میں جوہری اسلحے کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ ایشیا پیسیفک ریجن میں اسٹریٹیجک توازن کو بگاڑ دےگا۔
واضح رہے کہ امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ نے گزشتہ ہفتے انڈو پیسیفک کے لیے اپنی سہ فریقی سیکیورٹی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا کو ایٹمی طاقت سے چلنے والی لیکن “روایتی طور پر مسلح” کم از کم 8 آبدوزوں سے لیس کرنے کی ٹیکنالوجی کا اشتراک کریں گے۔
اس معاہدے نے فرانس میں ایک شدید رد عمل کو جنم دیا ہے، جو ایک دیرینہ اتحادی ہے، فرانس پہلے ہی آسٹریلیا کے ساتھ 12 روایتی آبدوزوں کی فراہمی کا معاہدہ کر چکا ہے، اب اس معاہدے کی وجہ سے پیرس نے کینبرا اور واشنگٹن ڈی سی سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔