سابق چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ جنرل (ر) احسان الحق نے انکشاف کیا ہے کہ اگر امریکا پاکستان کا مشورہ مانتا تو 20 سالہ افغان جنگ اور ہزیمت سے بچ سکتا تھا۔
عرب اخبار کو انٹرویو میں جنرل (ر) احسان الحق کا کہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب نے امریکا کو افغانستان پر حملے سے روکنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے تحت وسیع الخیال حکومت بنانے اورنائن الیون کے ذمے داروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کی تجویزدی تھی۔
جنرل (ر) احسان الحق کا کہنا تھاکہ برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر جنگ مخالف ہونے کے باوجودجنگ رکوانے میں ناکام رہے۔
امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھاکہ اوباما دور میں بھی پاکستان نے مذاکرات سے افغان جنگ ختم کرنے کا مشورہ دیا لیکن امریکا نے پاکستان کی بات ماننے سے انکار کردیا تھا۔
خیال رہے کہ امریکی فوج نے افغانستان سے انخلا کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن سے ایک روز قبل 30 اگست کو انخلا مکمل کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی 20 سالہ جنگ کا خاتمہ ہوگیا تھا۔