حوثی باغیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر براہ راست حملوں کے بعد امریکا نے اپنے جدید ترین ایف 22 طیارے ابو ظہبی پہنچادیئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے ففتھ جنریشن کے جدید ترین ایف 22 طیارے ابو ظہبی کے الظفرہ ایئر بیس پر پہنچادیئے ہیں۔
الظفرہ ایئر بیس پر پہلے ہی سے کم و بیش 2 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔
امریکی فضائیہ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایف 22 جنگی طیاروں کی تعیناتی خطے میں امریکی اتحادیوں اور شراکت داروں کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔
تاہم امریکی فضائیہ نے یو اے ای پنچائے گئے جنگی طیاروں کی تعداد نہیں بتائی لیکن امریکی فضائیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک تصویر میں الظفرہ ایئر بیس پر کم از کم 6 ایف 22 طیارے دیکھے جاسکتے ہیں۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران یمن کے حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات کو اپنے میزائل اور ڈرونز کے ذریعے اہم تنصیبات کا نشانہ بنایا ہے۔
چند روز قبل حوثی باغیوں کے ابو ظہبی پر میزائل اور ڈرون حملے میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی کارکن ہلاک ہوئے تھے۔
حوثی باغیوں کے ان حملوں کے بعد سعودی عرب کی سربراہی میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی اتحاد نے اپنی کارروائیوں تیز کردی تھیں۔
دوسری جانب امریکا نے بھی حوثی باغیوں کے حملوں کو راکٹ دفاعی نظام ’پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل‘ کے ذریعے ناکام بنایا تھا۔