امریکا کے شمال مغربی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران زلزلے کے کم و بیش 40 جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے شمالی مغربی علاقوں میں 24 گھنٹوں میں زلزلے کے 40 جھٹکے محسوس کئے گئے ، ریکٹر اسکیل پر ان زلزلوں کی شدت 5.8 سے 3.5 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلے سے جو علاقے متاثر ہوئے ہیں وہ امریکا میں زمین کی سب سے فعال پرت (بلکانو فریکچر زون) پر واقع ہیں۔ زلزلوں کا یہ سلسلہ امریکا میں منگل کی صبح سے شروع ہوا جو بدھ کی صبح تک جاری رہا۔
زلزلے کے جھٹکوں سے علاقے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا لیکن لوگوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔
امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اس خطے میں کم از کم 9 ایسے زلزلے آئے جن کی شدت 5 یا اس سے زائد تھی اور ان کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، یہ خطرے کی علامت ہے کیونکہ اعداد و شمار کے مطابق 1980 سے اب تک یہ تعداد ایک ہفتے میں 3 گنا زیادہ ہے، تاہم خوش قسمتی سے ان زلزلوں سے سونامی کا خطرہ نہیں تھا۔
زلزلوں کی تازہ لہر پر واشنگٹن یونیورسٹی میں پیسیفک نارتھ ویسٹ سیسمک نیٹ ورک کے سربراہ ہیرلڈ ٹوبن نے کہا کہ بلکانو فریکچر زون امریکا کی سب سے زیادہ فعال فالٹ لائن ہے ، یہ ساحلی پٹی پر واقع ہے لیکن خوش قسمتی سے یہاں آنے والے زلزلوں سے سونامی کا زیادہ خطرہ نہیں ہوتا۔