امریکا میں منشیات کی زائد مقدار استعمال کرنے سے ایک سال کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کے بیماریوں سے بچا کے ادارے سی ڈی سی کی جانب سے جاری رپورٹ میں مئی 2020 سے اپریل 2021 تک کے نئے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں منشیات کے بے جا استعمال سے ہونے والی اموات کی تعداد گزشتہ 2دہائیوں سے بتدریج بڑھ رہی ہے۔
سی ڈی سی نے اس حوالے سے نئے اعداد و شمارڈیتھ سرٹیفکیٹس پر درج موت کی وجہ بتانے والے خانے سے لیے ہیں اور انہیں ابھی حتمی قرار نہیں دیا جا رہا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے منشیات کے استعمال سے اتنی بڑی تعداد میں اموات کو ایک المناک حقیقت قرار دیا ہے جبکہ قومی ڈرگ کنٹرول پالیسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راہول گپتا نے اسے نا قابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر ذمہ دارانہ ردِ عمل سامنے آنا چاہیے۔