ریاض: امریکا سعودی عرب کو 50 کروڑ ڈالر کے طیارے ، ہیلی کاپٹرز اور جنگی آلات فروخت کرے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی جنگی صلاحیت اور استعداد کو بہتر بنانے کے لیے 500 ملین ڈالر کا فوجی ساز و سامان فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔تاہم ابھی اس معاہدے کی منظوری کانگریس سے لینا باقی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے میں سعودی عرب کے روٹری ونگ طیاروں کے بیڑے، انجن، ایویونکس، جدید ہتھیاروں کی فروخت سمیت تربیت اور جنگی ہیلی کاپٹرز کی دیکھ بھال بھی شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنگی آلات کی یہ فروخت امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اُن مقاصد کے لیے ہے جن کے تحت ایک دوست ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور یہ مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے بے حد ضروری ہے۔
خیال رہے کہ یہ معاہدہ دراصل ایک اور فوجی معاہدے کا تسلسل ہے، اس کے باوجود امریکی پیکیج میں اپاچی اور بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں سمیت CH-47D ہیلی کاپٹروں کے بیڑے کی دیکھ بھال کی سہولیات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اقتدار سنبھالتے ہی سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا حکم دیا تھا تاہم اب پالیسی تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے جس کے لیے امریکی وزیر دفاع سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔