امریکا کے سرحدی علاقے کولوراڈو میں جنگل میں آتشزدگی نے مضافاتی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد ایک ہزار مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔
انڈپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست کولوراڈو میں آتشزدگی کینیڈا کے سرحد سے متصل جنگل کے پہاڑی سلسلے میں ہوئی، جہاں ایک ہزار کے قریب تباہ ہوئے اور مزید سیکڑوں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علاقے میں 3 افراد لاپتہ ہیں۔
علاوہ ازیں آتشزدگی کے حوالے سے بولڈر کاؤنٹی کے شیرف جو پیلے نے کہا کہ تفتیش کار اب بھی ہوا کے باعث بھڑکنے والی آگ کی وجہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگل میں آگ جمعرات کو لگی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اطراف کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یاد رہے کہ ابتدائی طور پر حکام نے اندازہ لگایا تھا کہ اس آگ سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا لیکن اب ان کے مطابق اس واقعے میں ایک ہزار کے قریب مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔
علاوہ ازیں متاثرہ علاقوں میں برف اور منفی درجہ حرارت کے باعث جلے ہوئے مکانات کا ملبہ ایک خوف ناک منظر پیش کر رہا ہے۔
موسم میں حیران کن تبدیلی کے باوجود متاثرہ علاقے کی بند گلیوں میں دھوئیں کی بدبو پھیلی ہوئی ہے، ایسے غیر معمولی حالات نے ان رہائشیوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے جن کے نئے سال کی شروعات اپنے گھروں کو جلتے ہوئے دیکھ کر ہوئی۔