الخدمت فاؤنڈیشن اسلا م آباد کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔شجر کاری مہم میں آرفن بچوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مہم کے دوران الخدمت کے آرفن بچوں نے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے والد کے نام کا پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آبادحامد اطہر ملک،سیکرٹری جنرل الطاف شیر،این 52 کے امیدوار ملک عبد العزیز،محمد اکرم، مولانا نور الرحمان، حاجی راحت آفریدی اور افتخار جنجوعہ شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد اطہر ملک نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوب صورت ترین شہروں میں سے ایک ہے جو کہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دنیا کا واحد دارالحکومت ہے جس کے ہر سیکٹر میں قدرتی چشمے ہیں جنہیں کچھ منصوبہ بندی کر کے قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کلین اینڈ گرین پاکستا ن مہم کے تحت ہر سال ہزاروں پودے لگاتی ہے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں ملک عبد العزیز نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث اسلام آباد کی خوبصورتی مانند پرھ رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں سیوریج لائنوں کی مرمت اور نکاسی کے انتظامات کر کے قدرتی چشموں کو ازسر نو بحال کیا جائے۔ تقریب سے مولانا نور الرحمان نے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔