راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں، قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرنا ہوگا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عالمی، علاقائی اور اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فورم کو پاک افغان سرحدی صورتحال کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مغربی سرحد کی سیکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔
پاکستان کے امن، باہمی رابطوں اور مشترکہ استحکام کے عزم کے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم نے افغان امن عمل کیلئے اخلاص کے ساتھ ہر ممکن کوشش کی اور آئندہ بھی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل میں سہولت کاری کرے گا۔ خطے میں استحکام کیلئے افغانستان مین امن ضروری ہے اور اس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیاس آرائیوں اور قربانی کا بکرا بنانے کی روش کو ترک کرنا ہو گا۔
آرمی چیف نے پاک فوج کے ہر شعبے میں آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ کورونا وبا، مون سون بارشوں اور پولیو ویکسی نیشن مہم کے دوران سول انتظامیہ کی مکمل مدد کی جائے۔