افغانستان کی طرح کسی ٹیم کو اتنی تیزی سے عالمی کرکٹ میں جگہ بناتے نہیں دیکھا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے افغانستان کی طرح کسی ٹیم کو اتنی تیزی سے عالمی کرکٹ میں اپنی جگہ بناتے نہیں دیکھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گزشتہ روز پاکستان نے شاندار مقابلے کے بعد افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کی جیت میں بولرز کے ساتھ بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور آصف علی کی جارحانہ اننگز نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

آصف علی نے کھیل کے 19 ویں اوور میں افغانستان کے بولر کریم جنت کو 4 چھکے لگا کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور جیت پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔

قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری جیت پر وزیراعظم عمران خان نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں جہاں پاکستانی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی وہیں افغانستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بھی پیغام دیا۔

پاکستان کے سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ افغان ٹیم نے متاثر کن کھیل پیش کیا، میں نے کسی بھی ٹیم کو اتنی تیزی سے عالمی کرکٹ میں اپنی جگہ بناتے اور مقابلے کی غیر معمولی قابلیت حاصل کرتے نہیں دیکھا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مقابلے کی اس سکت اور استعداد کے باعث افغانستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں