افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی بدلتی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پُرعزم حمایت کی۔ پاکستان اور چین نے ’ٹرائیکا پلس‘ کا حصہ ہوتے ہوئے امن کاوشوں کو آگے بڑھانے میں گراں قدر معاونت کی۔
موجودہ صورتِ حال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ ضروری ہے، جس کے لیے تمام افغانوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا بھی ناگزیر ہے۔