دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے کہا ہےکہ ہمارا موقف ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں پرامن انتقال اقتدار کے حامی ہیں، افغانستان میں پاکستان کا سفارتخانہ کھلا ہے ،پاکستان کے سفیر منصور علی خان کی حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات ہوئی ہے،پاکستان افغانستان میں دیرپا قیام امن کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کا طالبان کا بیان خوش آئند ہے، لڑکیوں کی تعلیم پر طالبان کا بیان احسن اقدام ہے۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور قیام کے لیے آگے آئے۔پاکستان نے وزارت داخلہ میں خصوصی سیل تشکیل دیا ہے۔